
جہلم ویلی(پی آئی ڈی) 5 جون 2022
وزیراعظم آزادجموں کشمیر سردار تنویر الیاس نے وزیرتعلیم دیوان علی خان چغتائی اور سابق امیدوار اسمبلی ذیشان حیدر کے ہمراہ جہلم ویلی ٹورازم فیسٹیول کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ 15 روزہ فیسٹول کا آغاز جولائی کے وسط میں عید الاضحیٰ کے دوران ہو گا۔ 50 ہزار سے زائد سیاح لانے کا ہدف، جہلم ویلی کے دو ہزار سے زائد افراد کو روزگار میسر ہوگا۔جہلم ویلی کے 100 سے زائد سیاحتی مقامات متعارف کروائے جائیں گے۔ واٹر رافٹنگ، کوہ پیمائی سمیت درجن بھر ایڈونچر سپورٹس بھی اس عظیم الشان فیسٹیول کا حصہ ہونگی۔ ذیشان حیدر کی تحریک پر وزیراعظم نے جہلم ویلی ٹورازم فیسٹیول کا افتتاح کیا اور فیسٹیول کے لئے1 کروڑ روپے کے فنڈز مہیا کرنے کا اعلان کیا۔پارلیمانی سیکرٹری پروفیسر تقدیس گیلانی، کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمان، ڈی جی سیاحت راشد حنیف ودیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ٹورازم فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزادکشمیر میں سیاحت کا وسیع پوٹینشل موجود ہے اسے بروئے کار لانے کے لیے ترجیحی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، جہلم کا قدرتی حسن سیاحوں کے لیے دلچسپی کا باعث ہے، یہاں پر سیاحت کے فروغ سے آزاد کشمیر میں کاروبار اور روزگار کے بے پناہ مواقع فراہم ہونگے۔وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ فیسٹیول کے کامیابی کے لئے وسائل کی کمی نہیں ہونے دیں گے۔ جہلم ویلی ٹورازم فیسٹیول کا انعقاد کروانے پر ذیشان حیدر کو مبارکباد دیتا ہوں،ذیشان حیدر قابل اور با صلاحیت نوجوان ہیں۔ انکی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جہلم ویلی کو سیاحتی مرکز بنائیں گے اور یہاں پر حقیقی تعمیر و ترقی کریں گے۔ تحریک انصاف کی حکومت عوامی حکومت ہے جس کا محور و مرکز آزادکشمیر کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرتعلیم دیوان علی خان چغتائی نے کہا کہ جہلم ویلی میں سیاحت کے فروغ کے بے پناہ مواقع ہیں۔ چکار، لیپہ، کھلانہ، چکوٹھی، چک ہامہ میں ٹورازم ریزاٹ بنائیں گے۔ وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے عمران خان کے ویژن کے مطابق آزاد خطہ کی تعمیر وترقی اور خوشحالی کے سفر کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر سید ذیشان حیدر کو ٹورازم فیسٹیول کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ پارلیمانی سیکرٹری پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیاحت کے پوٹیشنل سے فائدہ اٹھانے کے لیے حکومت آزادکشمیر ترجیحی بنیادوں پر اقداما ت اٹھا رہی ہے، وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان کی سربراہی میں لوگوں کو انکی دہلیز پر سہولیات فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جلد فوڈ فیسٹیول کا بھی انعقاد کریں گے۔ اس موقع پر جہلم ویلی ٹورازم فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق امیدوار اسمبلی تحریک انصاف سید ذیشان حیدر نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کے ویژن کے مطابق جہلم ویلی میں ٹورازم کے فروغ کا آغاز کر دیا ہے۔ جہلم ویلی ٹورازم فیسٹول کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ اس سسلسلہ میں عوام الناس میں آگاہی مہم چلائیں گے۔ سیاحوں کو تمام سہولیات فراہم کریں گے۔ ہم ملک بھر کے سیاحوں کو دعوت دیتے ہیں کہ جہلم ویلی آئیں جہلم ویلی آپکی توقعات سے زیادہ خوبصورت اور مہمان نواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہلم ویلی ٹورازم فیسٹیول پاکستان کی تاریخ کا ایک بڑا فیسٹول ہو گا۔افتتاحی تقریب سے کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمن، ڈی جی سیاحت راشد حنیف، زین گیلانی ایڈووکیٹ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔