
پرویز الٰہی نے پیٹرول کی مد میں بچت کا حکومتی اعلان سیاسی شعبدہ بازی قرار دے دیا
سرکاری پٹرول کے پیسے ان کرپٹ حکمرانوں کی جیب میں جائیں گے‘ پاکستان کی 74 سالہ تاریخ میں اتنا ہوشربا اضافہ نہیں دیکھا ‘ جعلی امپورٹڈ حکومت کے فیصلے معیشت اور عوام کو لے ڈوبیں گے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی کی گفتگو
لاہور ( 05 جون 2022ء ) اسپیکر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ ق کے رہنماء چوہدری پرویز الٰہی نے پیٹرول کی مد میں بچت کا حکومتی اعلان سیاسی شعبدہ بازی قرار دے دیا ۔ تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہٰی سے مسلم لیگ ق کے رہنماء کامل علی آغا اور ایم پی اے سونیا علی رضا نے ملاقات کی ، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویزالہٰی نے کہا کہ پٹرول کی مد میں بچت کا اعلان صرف سیاسی شعبدہ بازی ہے، اس سے عام آدمی کی زندگی پر کوئی مثبت اثر نہیں پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ کیا اس اقدام سے عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمتیں کم ہو جائیں گی؟ سرکاری پٹرول کے پیسے ان کرپٹ حکمرانوں کی جیب میں جائیں گے، سیاسی شہرت کیلئے ایسے ڈراموں کی بجائے عوام کی زندگی کو آسان بنائیں کیوں کہ پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ عوام کیلئے پریشانی کا باعث ہے، پاکستان کی 74 سالہ تاریخ میں اتنا ہوشربا اضافہ نہیں دیکھا، جعلی امپورٹڈ حکومت کے فیصلے معیشت اور عوام کو لے ڈوبیں گے۔یال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کفایت شعاری کے لیے سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے ، وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے وفاقی کابینہ کے ارکان اور سرکاری افسران کو فری پٹرول کی کٹوتی کا فیصلہ کیا گیا ہے ، وزیراعظم کی جانب سے یہ فیصلہ پٹرول کی قیمت میں حالیہ اضافے کے بعد کیا گیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ کفایت شعاری اور سادگی کا آغاز وزراء اور بطور وزیراعظم مجھ سے کیا جائے گا، اشرافیہ اور امیر طبقات سادگی اختیار اور وسائل کے ساتھ غریب عوام کیلئے آگے بڑھ کر قربانی دیں،کل میٹنگ میں سیاستدان ، سیکرٹریز، افسران کیلئے سرکاری اخراجات میں جائز کٹوتی کی جائے گی۔