
جہلم ویلی(پی آئی ڈی) 5 جون 2022
وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ بھارت کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہوش کے ناخن لے،ہندوستان ہماری تاریخ سے واقف نہیں، ہم اقوام عالم کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہندوستان کے اقدامات کا نوٹس لیں،کسی کو اس کے مذہب کے حوالہ سے کچھ نہیں کہنا چاہتے کہ وہ جس مذہب سے بھی ہو لیکن ہمارا مطالبہ صرف ایک ہی ہے کہ ظلم و جبر کو بند کیا جائے اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کو انکا جائز پیدائشی اور اقوام متحدہ سے مسلمہ حق خود ارادیت دیا جائے۔کشمیر کی ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے تحریک آزادی کے لیے اپنے لخت جگر قربان کر دیے۔ یاسین ملک کا جرم صرف اتنا ہے کہ وہ کشمیریوں کے حق کی بات کرتے ہیں۔ بھارت کی جانب سے یاسین ملک سے ساتھ ہونے والی ناانصافی کو دنیا کے ہر فورم پر لیکر جائیں گے اور آواز بلند کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جہلم ویلی بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران سے حلف لینے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیرتعلیم دیوان علی خان چغتائی، پارلیمانی سیکرٹری برائے ترقی نسواں پروفیسر تقدیس گیلانی، رہنما پی ٹی آئی سید ذیشان حیدرودیگربھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم نے جہلم ویلی بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران نومنتخب صدر پرویز اقبال، جنرل سیکرٹری اسد چغتائی،نائب صدر راجہ عاشق اور جائنٹ سیکرٹری محسن فیاض عباسی سے حلف لیا۔ تقریب آمد پر وکلاء نے وزیر اعظم آزادکشمیر کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں جہلم ویلی کے مسائل کے حل میں دلچسپی لینے اور دو ماہ میں دوسری مرتبہ جہلم ویلی کا دورہ کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے اس موقع پر جہلم ویلی بار ایسوسی ایشن کے لیے 20 لاکھ اور بار ایسوسی ایشن کی لائبریری کے لیے 40 لاکھ کا اعلان کیا۔ تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہاکہ وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد ابھی تک اپنے حلقہ احباب کا دورہ نہیں کر سکا بلکہ جہلم ویلی آ نے کو ترجیح دی،یہ اللّہ رب العزت کی عنایت ہے کہ وہ کس سے کیا کام لیتا ہے۔ ضلع جہلم ویلی کے لوگوں کا مشکور ہوں جنہوں نے میرے وزیراعظم منتخب ہونے پر بہت خوشی کا اظہار کیا اورفقیدالمثال استقبال کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ یہاں سے چندکلو میٹرلائن آف کنٹرول کے دوسری جانب مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام جس جرات اور بہادری سے قابض بھارتی فورسز کے سامنے سینہ سپر ہیں اس پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے اپنے عزم اور حوصلے سے ثابت کیا ہے کہ انسانی تاریخ کے بدترین مظالم ان کے جذبہ کو سرد نہیں کر سکتے۔ بھارت کشمیریوں کی تحریک کو دبانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے۔