
وفاقی حکومت نے شہبازشریف کے حوالے سے انتہائی اہم فیصلہ کرلیا
پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف کے حوالے سے حکومت نے سخت حکمت عملی اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا‘ شہباز شریف کے خلاف کیس کی کارروائی براہ راست دکھانے کے حوالے سے بھی قرارداد لائے جانے کا امکان ہے
اسلام آباد ( 13 فروری 2022ء ) پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کے حوالے سے انتہائی اہم فیصلہ کرلیا ۔ ایکسپریس نیوز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ حکومت نے اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف کے حوالے سے سخت حکمت عملی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، اس ضمن میں حکومت کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس 18 فروری کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، قومی اسمبلی کا اجلاس دن 11 بجے ہو گا جہاں اجلاس میں پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف کے حوالے سے حکومت نے سخت حکمت عملی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور شہباز شریف کے خلاف کیس کی کارروائی براہ راست دکھانے کے حوالے سے بھی قرارداد لائے جانے کا امکان ہے۔
ادھر وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے فضل الرحمان اور شہبازشریف کو وزیراعظم بننے کیلئے اہم مشورہ دے دیا ، فواد چوہدری کہتے ہیں کہ فضل الرحمان اور شہباز شریف اگر وزیر اعظم بننا چاہتے ہیں تو نیند کی گولیاں کھالیں‘ زیادہ دیر تک سوئیں گے تو خواب میں وزیر اعظم بن جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان پاکستان کی سیاست میں کبھی سنجیدہ کردار ادا نہیں کر سکتے کیوں کہ شدت پسندوں کی اہمیت صرف جلسے جلوسوں تک ہوتی ہے ، پاکستان کی سیاست میں فضل الرحمان کا کردار ہمیشہ محدود ہی رہے گا کیوں کہ کوئی بھی ذمہ دار شخص اس طرح کی سیاسی قیادت کے ساتھ تعاون نہیں کرے گا۔