
شاہد آفریدی کمر کی انجری کے باعث پی ایس ایل 7 کے بقیہ میچز سے دستبردار
15 سال سے لوئر بیک انجری کیساتھ کھیل رہا تھا لیکن اب درد گھٹنوں سے ہوتا پائوں تک جا پہنچا ہے اور برداشت سے باہر ہوچکا ہے: سابق کپتان
لاہور ( 13 فروری 2022ء ) قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کمر کی انجری کے باعث پی ایس ایل 7 کے بقیہ میچز سے دستبردار ہوگئے ہیں ۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ 15 سال سے لوئر بیک انجری کے ساتھ کرکٹ کھیل رہے ہیں لیکن اب درد گھٹنوں سے ہوتا ہوا ان کے پائوں تک جا پہنچا ہے اور برداشت سے باہر ہوچکا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اپنے فینز کے لیے پی ایس ایل 7 کے میچز کھیلنا چاہتے تھے تاہم اب یہ ممکن نہیں رہا ہے۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ اب ری ہیبلی ٹیشن دوبار شروع کریں گے کیوں کہ آگے کشمیر پریمیئر لیگ اور ٹی 10 لیگ آرہی ہے ۔ انہوں نے آخری پی ایس ایل کھیلنے کا موقع فراہم کرنے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر کا شکریہ بھی ادا کیا اور مداحوں سے اپنی مکمل صحت یابی کی دعا کرنے کی درخواست بھی کی ۔