
حکومت کا پورے ملک میں ’کامیاب پاکستان پروگرام‘ شروع کرنے کا اعلان
پورے ملک میں کامیاب پاکستان پروگرام لانچ کرنے جارہے ہیں‘ پروگرام کے تحت ایک سے 5 لاکھ تک بلاسود قرضے دیں گے‘ اس حوالے سے سب رکاوٹیں دور کردی گئی ہیں۔ معاون خصوصی عثمان ڈار کی گفتگو
اسلام آباد ( ۔ 13 فروری 2022ء ) حکومت نے پورے ملک میں ’کامیاب پاکستان پروگرام‘ شروع کرنے کا اعلان کردیا ۔ تفسیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ پورے ملک میں کامیاب پاکستان پروگرام لانچ کرنے جارہے ہیں ، پروگرام کے تحت ایک سے 5 لاکھ تک بلاسود قرضے دیں گے ، اس حوالے سے سب رکاوٹیں دور کردی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات ہیں سندھ کی عوام کو اکیلا نہیں چھوڑنا ، اس لیے سندھ کے ہزاروں نوجوانوں کو اسکل اسکالرشپ دی گئی ، 11ہزار خاندانوں کو تیسرے حصے میں اسکالرشپ دی گئی ، اس کے علاوہ سندھ کے نوجوان کامیاب جوان پروگرام کا حصہ بنیں جب کہ وفاقی حکومت تاجروں کی بھی مدد کرے گی۔ ادھر حکومت نے کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے30 ہزار نوجوانوں کو روزگار فراہم کردیا گیا ، معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ سب سے زیادہ روزگار لاہور، بہاولپور اور ملتان کے نوجوانوں نے حاصل کیا، 83 فیصد مرد اور 17 فیصد خواتین کو قرض دیا گیا ، کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے پاکستان کی جاب مارکیٹ میں 30 ہزار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے ، میں نے فیصلہ کیا ہے کہ قرضوں کی تقسیم سے متعلق تمام تر تفصیلات پر مبنی ہفتہ وار رپورٹ پبلک کی جائیگی تاکہ تازہ اعداوشمار اور حکومتی کارکردگی کا جائزہ لیا جاسکے۔