سعودی عالم دین نے انبیاء کرام کی زندگیوں کو فلمی انداز میں پیش کرنا ناجائز قرار دے دیا
کسی شخص کیلئے جائز نہیں کہ وہ کسی نبی کی تصویر بنا کر اسے فلموں اور سیریز کی کہانیوں میں مجسم کرے اور اسے بچوں کے سامنے پیش کرے۔ سعودی رائل کورٹ کے مشیر اور سینئر سکالرز کی کونسل کے رکن ڈاکٹرعبداللہ المطلق کا فتویٰ
ریاض ( 09 فروری 2022ء ) سعودی عرب کے معروف عالم دین نے انبیاء کرام کی زندگیوں پر فلمیں بنانا ناجائز قرار دے دیا ‘ رائل کورٹ کے مشیر اور سینئر سکالرز کی کونسل کے رکن ڈاکٹر عبداللہ المطلق کہتے ہیں کہ کسی شخص کے لیے یہ جائز نہیں کہ وہ کسی نبی کی تصویر بنا کر اسے فلموں اور سیریز کی کہانیوں میں مجسم کرے اور اسے بچوں کے سامنے پیش کرے ۔ المرصد اخبار کے مطابق انہوں نے “الرسالہ” چینل کے ایک پروگرام میں کہا کہ اس وقت جو انبیاء کرام کی کہانیاں موجود ہیں وہ دو طرح کی ہیں ، ان میں سے ایک سچا و مستقل ہے جب کہ دوسرا من گھڑت ہے اور سچ نہیں ہے ، غلط کہانیوں کو شائع نہیں کیا جا سکتا تاہم دستاویزی کہانیاں شائع کی جائیں لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ وہ بچوں کے لیے قابل رسائی ثقافت سے بنائی جائیں۔